انکل سرگم۔۔۔۔۔۔کی ایک مشہور نظم

 


‎فاروق قیصر عرف انکل سرگم کی ایک مشہور نظم  "اللہ میاں "کے اشعار ان کا اسسٹنٹ "رولا " سنایا کرتا تھا 


‎میرے پیارے اللہ میاں

‎دل میرا حیران ہے ،

‎میرے گھر میں فاقہ ہے ،

‎اس کے گھر میں نان ہے ،

‎میں بھی پاکستان ہوں ،

‎اور وہ بھی پاکستان ہے ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎لیڈر کتنے نیک ہیں ،

‎ہم کو دیں وہ صبر کا پھل ،

‎خود وہ کھاتے کیک ہیں ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎یہ کیسا نظام ہے ؟

‎فلموں میں آزادی ہے ،

‎ٹی وی پر اسلام ہے ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎سوچ کے دل گھبراتا ہے ،

‎بند ڈبوں میں خالص کھانا ،

‎ان کا کتا کھاتا ہے ،

‎میرا بچہ روتے روتے ،

‎بھوکا ہی سوجاتا ہے ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎دو طبقوں میں بٹتی جائے ،

‎ایسی اپنی سیرت ہے ،

‎ان کی چھت پر ڈش انٹینا ،

‎میرے گھر میں بصیرت ہے ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎میری آنکھ کیوں چھوٹی ہے ؟

‎اس کی آنکھ میں کوٹھی ہے ،

‎میری آنکھ میں روٹی ہے ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎تیرے راز بھی گہرے ہیں ،

‎ان کے روزے سحری والے ،

‎میرے آٹھ پہرے ہیں ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎روزہ کھولوانے کی ان کو ،

‎دعوت ملے سرکاری ہے ،

‎میرا بچہ روزہ رکھ کر ،

‎ڈھونڈتا پھرے افطاری ہے ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎یہ کیسا وٹہ سٹہ ہے ؟

‎این ٹی ایم کا سر ہے ننگا ،

‎پی ٹی وی پہ ڈوپٹہ ہے ،

‎( این ٹی ایم پہلا پرائیویٹ 

‎چینل تھا )


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎بادل مینہ برسائے گا ،

‎اس کا گھر دھل جائے گا ،

‎میرا گھر بہہ جائے گا ،


‎میرے پیارے اللہ میاں ،

‎*چاند* کی ویڈیو فلمیں دیکھ 

‎کر اس کا بچہ سوتا ہے ،

‎میرا بچہ روٹی سمجھ کر

‎چاند کو دیکھ کے روتا ہے ،


‎میرے پیارے اللہ میاں

‎یہ کیسی ترقی ہے ؟

‎ان کی قبریں تک ہیں پکی

‎میری بستی کچی ہے ..

Comments

Popular Posts